تھرپارکر میں لمپی اسکن وائرس کا حملہ، درجنوں مویشی ہلاک، مالکان پریشان

تھرپارکر(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے ضلع تھرپارکر میں لمپی اسکن وائرس کے پھیلاؤ نے المناک صورت حال اختیار کر لی ہے، جس کے باعث اب تک درجنوں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق سینکڑوں دیگر مویشی اس مہلک بیماری میں مبتلا ہیں، جن کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ صورت حال اس وقت مزید گمبھیر ہو گئی ہے جبکہ ضلع کے 230 میں سے 180 ویٹرنری مراکز پہلے ہی سے بند پڑے ہیں، جس کی وجہ سے متاثرہ مویشیوں کو بروقت علاج میسر نہیں آ رہا۔

اس بحران نے مقامی آبادی کو بری طرح متاثر کیا ہے، جو ضلع کی 80 فیصد معیشت کے سہارے مویشی پال کر گزر بسر کرتی ہے۔ مویشی مالکان ویکسین کی عدم دستیابی پر شدید پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس صورت حال نے نہ صرف جانوروں کی جانوں کو خطرہ بنایا ہے، بلکہ تھرپارکر کے ہزاروں خاندانوں کے روزگار اور خوراک کے تحفظ کو بھی سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں