اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق کل سے ملک بھر کے 159 اضلاع میں قومی پولیو مہم کا آغاز ہو رہا ہے، جس کے تحت 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ ہفتہ وار مہم 13 سے 19 اکتوبر تک جاری رہے گی، جبکہ جنوبی خیبر پختونخوا کے اضلاع میں یہ مہم 20 تا 23 اکتوبر تک منعقد کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراکیں بھی دی جائیں گی۔
نیشنل ای او سی کے ترجمان کے مطابق 4 لاکھ سے زائد صحت کارکن گھر گھر جا کر بچوں کو یہ ویکسین فراہم کریں گے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور پیدائش سے 15 ماہ تک کے بچوں کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں۔
یہ مہم پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حتمی مرحلے میں اہم کردار ادا کرے گی، جس کے تحت ملک کو اس مہلک بیماری سے مک طور پر پاک کیا جا سکے گا۔


