اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیض آباد اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ “کسی جتھے کو اسلام آباد یا کسی اور شہر پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی”۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ فیض آباد میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور موقع پر تعینات اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اہلکاروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی سہولیات کا براہ راست جائزہ لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ “آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عملداری یقینی بنانے میں آپ کا کردار کلیدی ہے۔”
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات برقرار ہیں۔


