اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) مشیرِ وزیراعظم برائے قومی امور رانا ثنااللہ نے افغانستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ “دہشت گردی اور تعلقات ساتھ نہیں چل سکتے”۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ دہشت گردوں کا تعاقب کرے چاہے وہ کہیں بھی موجود ہوں۔
رانا ثنااللہ نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، “افغانستان میں دہشت گردوں کو تربیت دی جاتی ہے اور بھارتی ایجنسی را کی سہولت کاری میں دہشت گرد کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔”
مشیرِ وزیراعظم نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں اضافہ کیا گیا ہے اور پاک افواج کے جوان وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ “دہشت گرد ہمارے ملک کے دشمن ہیں، اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔”
رانا ثنااللہ نے میڈیا سمیت تمام حلقوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف بیانیے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


