خاران(ایچ آراین ڈبلیو) بلوچستان کے ضلع خاران میں تین روزہ عظیم الشان دینی اجتماع آج سے شروع ہو گیا ہے، جس میں ملک بھر سے علماء، دینی رہنماؤں اور ہزاروں شرکاء نے شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ یہ اجتماع 11، 12 اور 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
منتظمین کے مطابق اس اجتماع کا بنیادی مقصد دینی تعلیمات کی ترویج، معاشرتی اصلاح اور دعوت دین کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ پروگرام میں بیانات، اصلاحی نشستیں، تربیتی سیشنز اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اجتماع کے آغاز پر علماء کرام نے قرآن و سنت کی روشنی میں عمل اور اخلاص کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے معاشرے میں خیر اور اصلاح کے پیغام کو پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین نے شرکاء کو بتایا کہ جن افراد کی چار ماہ کی مدت پوری نہیں ہوئی، وہ یہیں سے نقد ارادہ کر سکتے ہیں، جبکہ جن کی مدت مکمل ہو چکی ہے، وہ بیرون ملک سات ماہ یا ملک کے اندر ایک سال کے لیے ارادہ کر سکتے ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے اجتماع کے موقع پر سیکیورٹی، ٹریفک اور رہائش و طعام کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اجتماع 13 اکتوبر کی شام خصوصی دعا کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔


