چمن/کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے کے باعث چمن بارڈر اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی کے سخت اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق، حالیہ خدشات کے پیش نظر چمن بارڈر پر نگرانی میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ شہر میں تھرڈ لیول تھریٹ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں، سرکاری عمارتوں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو اضافی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے ممکنہ حملوں کی اطلاعات کے پیش نظر یہ احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معمولی صورت حال میں سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ حرکت کی فوری اطلاع دیں۔
اس وقت چمن بارڈر پر صورتحال نہایت حساس اور کشیدہ بتائی جا رہی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی گزرگاہوں پر معمول کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔


