87

لاہور میں جاری تصادم: تحریک لبیک کے دعووں کے مطابق 25 ہلاکتیں، سرکاری تصدیق کا انتظار

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز کے ساتھ جاری تصادم میں 25 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق، “دو سو سے زائد کارکن زخمی ہیں جن میں سے 50 سے زائد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “زخمیوں کو بروقت طبی امداد نہیں مل پا رہی کیونکہ حکومت نے اسپتالوں کے راستوں پر کنٹینرز لگا رکھے ہیں۔”

تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ “اسپتالوں کے قریب وقفے وقفے سے فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔”

سرکاری ذرائع سے اب تک ان اعداد و شمار کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ میڈیکل سٹاف کے بعض ذرائع نے زخمیوں کی آمد کی اطلاعات دی ہیں، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری ہیں۔

صوبائی حکومت کی طرف سے جلد اس سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دینے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں