اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کو کابل کے راستے بھی شکست کا سامنا ہوگا اور یہ شکست یقینی ہے۔
نجی ٹی وی سے بات چیت کے دوران انہوں نے افغان حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، “افغان وزیر خارجہ دہلی میں بیٹھ کر بیان دے رہے ہیں۔ کیا بھارت کی اجازت سے مذاکرات کریں گے؟ ہم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے حساب برابر کریں گے، پھر دیکھتے ہیں افغان حکومت کیا کہتی ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ “ٹی ٹی پی کے ساتھ اسکور ضرور سیٹل کیا جائے گا۔ اگر دہشت گرد افغانستان سے آئیں گے تو ہم ان کے پیچھے ضرور جائیں گے۔”
خواجہ آصف نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ “بھارت، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے اور شکست کی خفت مٹانے کے لیے بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں افغانستان اسے سہولت کاری فراہم کر رہا ہے۔” انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، وہ اس سے مجبور نہیں ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے پی ٹی آئی کی طرف سے نئے وزیراعلیٰ کے نامزدگی کے اقدام کو ریاستی بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “عمران خان کی اس بلیک میلنگ کا مناسب جواب دیا جائے گا۔”


