اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ٹیکس دہندگان کے لیے انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر کا اعلان کرتے ہوئے سخت وارننگ جاری کی ہے۔
حکام کے مطابق، مذکورہ تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے والوں کو خود ساختہ تاخیر کا شکار سمجھا جائے گا اور انہیں “لیٹ فائلر” کی زمرے میں رکھا جائے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ 15 اکتوبر کے بعد تاریخ میں مزید کسی بھی قسم کی توسیع پر غور نہیں کیا جائے گا۔ لیٹ فائلرز پر نہ صرف جرمانہ عائد ہوگا، بلکہ ان کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو بروقت گوشوارہ جمع کرانے کی ترغیب دینا اور ٹیکس کے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔


