وزیر دفاع کا اعلان – “دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو، سیاست بعد میں ہوگی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، جبکہ سیاسی اختلافات بعد میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا، “سیاست ہوتی رہے گی، لیکن دہشتگردی کے ایشو پر سب کو متحد ہونا ہوگا۔ یہ وقت مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔”

وزیر دفاع نے افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے انکشاف کیا کہ افغان حکام نے 6 سے 7 ہزار دہشتگردوں کو کنٹرول کرنے کے بدلے 10 ارب روپے کی درخواست کی تھی، لیکن وہ ان کے مغربی علاقوں میں منتقل ہونے کے بعد واپس نہ آنے کی ضمانت دینے سے قاصر تھے۔

خواجہ آصف نے کہا، “کل ہمارے دو افسران اور 9 جوان شہید ہوئے۔ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں۔ اب ہمارا صبر پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔”

انہوں نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو دنوں کے اندر ایک وفد کابل جا کر دہشتگردی کا معاملہ عبوری حکومت کے سامنے اٹھائے گا۔

وزیر دفاع نے پاکستان میں مقیم بعض افغان شہریوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا، “یہ لوگ ہمارا کھاتے ہیں اور ہمارے خلاف ہی دشمن کا ساتھ دیتے ہیں۔ یہ جس تھالی میں کھاتے ہیں، اسی میں چھید کرتے ہیں۔”

انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو جواب دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں