وزیر اطلاعات کا الزام – ‘سہیل آفریدی کو دہشتگردوں کی سہولت کاری کے لیے لایا گیا’

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کی سہولت کاری کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر کے عہدے پر لایا گیا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے کہا، “علی امین گنڈاپور کو دہشتگردوں کی سہولت کاری نہ کرنے پر ہٹایا گیا، جبکہ سہیل آفریدی کو انہیں سپورٹ فراہم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔”

انہوں نے پی ٹی آئی کے قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا، “تحریک انصاف کا پورا انتشاری ٹولہ دہشتگردوں کا سہولت کار ہے۔ عمران خان کے پرانے بیانات میں انہیں اچھا بتانے اور بات چیت کی وکالت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔”

وزیر اطلاعات نے زور دے کر کہا، “ہم یہ ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ ملک کی سیکیورٹی پالیسی اسلام آباد میں بنتی ہے، کابل میں نہیں۔”

انہوں نے خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی عروج پر ہے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث دہشتگرد غلبہ حاصل نہیں کر سکے۔

عطا تارڑ نے لندن کی عدالت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد پی ٹی آئی کے پاس ریاست اور فوج کے خلاف بات کرنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں