راولپنڈی/اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک پاکستان (TLP) کے امریکی سفارت خانے تک ‘اقصیٰ ملین مارچ’ کے اعلان کے پیشِ نظر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، مری روڈ، فیض آباد، آئی جے پی روڈ اور دیگر اہم مقامات پر کنٹینرز اور رکاوٹیں نصب کر دی گئی ہیں۔ مری روڈ کے ہوٹلوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی راستے فی الحال کھلے رکھے گئے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں یہ واضح کیا گیا کہ کسی بھی قسم کے قوانین کی خلاف ورزی یا پرتشدد کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا، “کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
ذرائع کے مطابق، مارچ کی اب تک باقاعدہ اجازت نہیں دی گئی ہے، جس کے پیشِ نظر پولیس نے پکڑ دھکڑ کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ روز کی کارروائی میں ڈنڈوں، سوٹوں اور دیگر ہتھیاروں سے بھری گاڑی بھی ضبط کی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ صورتحال کے پیشِ نظر جڑواں شہروں میں موبائل فون سروسز معطل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔


