88

فوڈ سیفٹی کا بڑا ایشو: کراچی کے ہوٹلوں کو سپلائی ہونے والی 4,000 کلو مردہ مرغی برآمد

لاہور/کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) موٹروے ایم-5 پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیموں نے ایک بڑی کارروائی میں 4,000 کلوگرام (90 من) مردہ اور بیمار مرغیوں کا گوشت برآمد کر لیا ہے، جو وہاڑی سے کراچی لے جایا جا رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، یہ مردہ گوشت کراچی کے مختلف ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، سپلائی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ تمام مردہ مرغیوں کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جہاں مردہ مرغیوں کا گوشت فوڈ چین میں داخل ہوتے پکڑا گیا ہو۔ اس سے قبل بہاولنگر میں بھی فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس کو سپلائی ہونے والا 880 کلوگرام مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد ہوا تھا اور 2 ملزمان گرفتار کیے گئے تھے۔

ایک اور کارروائی میں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی زیر قیادت ٹولنٹن مارکیٹ میں 1,800 کلوگرام بیمار مرغیاں تلف کی گئیں، جو عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ تھیں۔

فوڈ اتھارٹی کے اقدامات سے یہ تشویشناک حقیقت سامنے آئی ہے کہ بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت تجارتی پیمانے پر ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس کو سپلائی کیا جا رہا تھا، جو عوامی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں