109

وزیراعظم شہباز شریف کا غزہ جنگ بندی معاہدے پر تاریخی بیان

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا “ایک تاریخی موقع” قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے ہونے والا معاہدہ خطے کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے۔ انہوں نے مذاکراتی عمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ “عالمی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی” کرتا ہے۔

وزیراعظم نے معاہدے کے لیے قطر، مصر اور ترکی کی قیادت کی انتھک کوششوں کو بھی “قابلِ ستائش” قرار دیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے ہمدردی کے جذابات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “فلسطینی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے، جنہوں نے بے مثال مصائب کا سامنا کیا۔ فلسطینیوں کے ساتھ اس سلوک کو کبھی نہیں دہرایا جانا چاہیے۔”

انہوں نے مسجد الاقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیز کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو “قابضین اور غیر قانونی آباد کاروں کا محاسبہ کرنا چاہیے”۔

وزیراعظم نے خبردار کیا کہ ایسے مزید اقدامات صدر ٹرمپ کی کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے ان کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق “امن، سلامتی اور وقار” قائم کرنے کے لیے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی برادوری غزہ میں انسانی المیے کو ختم کرنے اور خطے میں مستقل امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں