83

صمود فلوٹیلا: پیر مظہر سعید شاہ وطن واپس، سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کے لیے سفارتی کوششیں جاری

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) صمود فلوٹیلا مشن میں شامل پیر مظہر سعید شاہ وطن واپس پہنچ گئے۔ وہ دوحہ کے راستے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، سینیٹر مشتاق احمد کی اسرائیلی حراست سے بحفاظت رہائی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں سے رابطے میں ہے اور سینیٹر مشتاق احمد محفوظ ہیں اور ان کی صحت تسلی بخش ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے صمود فلوٹیلا کے 137 کارکنوں کو رہا کیا ہے، جن میں 36 ترک شہری بھی شامل ہیں۔
استنبول پہنچنے پر رہائی پانے والے تمام کارکنوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا، تاہم اطلاعات کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت کئی پاکستانی اور غیر ملکی سماجی کارکن تاحال اسرائیلی حراست میں موجود ہیں۔

رہائی پانے والے انسانی حقوق کے کارکنوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی فورسز نے دورانِ حراست تشدد، تذلیل اور غیر انسانی سلوک کیا۔
کارکنوں کے مطابق، انہیں سونے نہیں دیا گیا، کتے چھوڑے گئے، اور عقوبت خانوں میں جسمانی و ذہنی اذیت دی گئی۔

ترک صحافی ایرسن سیلک نے بھی بتایا کہ قابض فورسز نے فلوٹیلا رضاکاروں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا، جبکہ معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور زبردستی اسرائیلی پرچم چومنے پر مجبور کیا گیا۔

کارکنوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور تمام گرفتار رضاکاروں کی فوری رہائی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں