کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) — وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ فنِ تعمیر کے موقع پر ماہرینِ تعمیرات اور شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ڈیزائن اور بہتر شہری منصوبہ بندی ترقی کی بنیاد ہیں اور یہی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبائی حکومت ماحول دوست، مضبوط اور دیرپا تعمیرات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر، محفوظ اور جدید طرزِ زندگی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “فنِ تعمیر کا عالمی دن” 1985ء سے ہر سال اکتوبر کے پہلے پیر کو منایا جاتا ہے، اور اس سال یہ دن “ڈیزائن فار اسٹرینتھ” (Design for Strength) کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو مضبوط، لچکدار اور تخلیقی تعمیرات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیرات کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مقامی ضروریات کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے آرکیٹیکٹس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ڈیزائننگ میں سندھ کی ثقافتی رنگت اور تاریخی ورثے کو شامل کریں تاکہ یہ تعمیرات نہ صرف مضبوط بلکہ اپنی پہچان کی علامت بھی بن سکیں۔
آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فنِ تعمیر کے ذریعے شہریوں کی زندگی کے معیار کو بلند کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور حکومتِ سندھ کا بنیادی مقصد ہے۔


