اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غـزہ کے لیے امداد لیکر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں سوار سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان تاحال اسـرائیـلی فوج کی حراست میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گلوبل صمودفلوٹیلا میں سوارپاکستانی شہریوں کی حفاظت اور واپسی کے لیے عالمی شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کہ دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع سے تصدیق ہوئی کہ مشتاق احمد فلسـطـین پر قابض اسـرائیـلی فورسز کی حراست میں ہیں تاہم ذرائع سے معلوم ہوا کہ مشتاق احمد خان خیریت سے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقامی قانونی ضوابط کے مطابق سابق سینیٹر مشتاق احمد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، عدالت سے ڈی پورٹیشن آرڈرجاری ہونے کےبعد ان کی واپسی فوری بنیادوں پرممکن بنائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ نے ان افراد کی واپسی بھی ممکن بنائی جو پہلے اتر گئے تھے، پاکستان نے ان برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی شہریوں کی واپسی میں تعاون کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، توقع ہے شہریوں کی واپسی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔


