ڈی پی او لکی مروت نذیر خان کا سرحدی علاقوں کے تھانوں و چوکیات کا اچانک دورہ

لکی مروت(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان (PSP) نے اچانک دور دراز سرحدی علاقوں جانی خیل اور لکی مروت بارڈر ایریا کے مختلف تھانوں اور چوکیات کا سرپرائز وزٹ کیا۔اس موقع پر ڈی پی او نے تھانہ تجوڑی، تجوڑی بازار، سب ڈویژن بیٹنی کے تھانہ آزاد خیل، تھانہ ورگاڑی اور بدرگہ پوسٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔

ڈی پی او کے استقبال کے لیے ڈی ایس پی سب ڈویژن بیٹنی محبت خان موجود تھے، جنہوں نے ڈی پی او کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پولیس جوانوں نے پھولوں کے ہار پہنا کر خوشی اور عقیدت کا اظہار کیا۔

نذیر خان نے مختلف تھانوں میں جاری ترقیاتی کاموں، ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور سیکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمیشہ چوکس، منظم اور نظم و ضبط کے پابند رہیں، اور عوام سے خوش اخلاقی اور تعاون کے ساتھ پیش آئیں۔

ڈی پی او نذیر خان نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے تھانوں کی سطح پر شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی رابطے کا مضبوط ہونا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرائض میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور انعامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں