101

پنجاب حکومت کا سرکاری ملازمین کے لیے سوشل میڈیا گائیڈ لائنز جاری

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے بغیر اجازت حکومتی پالیسیوں یا ذاتی آراء کے اظہار پر پابندی عائد کردی۔

محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کے زیر اہتمام جاری نوٹیفکیشن کے مطابق:

سرکاری ملازمین پر ذاتی شہرت حاصل کرنے یا سوشل میڈیا پر خود نمائی کرنے پر سختی سے پابندی لگا دی گئی ہے۔

ملازمین کو فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سمیت تمام پلیٹ فارمز پر بیانات، آراء یا معلومات شیئر کرتے وقت انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت یا عدالت کی توہین، غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینا یا فرقہ وارانہ مواد پھیلانا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں زور دیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا پر اعلیٰ اخلاقی معیار، دیانتداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ یہ اقدام سرکاری امور کی رازداری اور اداروں کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں