لاہور(ایچ آراین ڈبلیو): وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
عظمیٰ بخاری نے شرمیلا فاروقی کے بیان پر دیے گئے اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ میں 17 سال سے حکومت ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی پنجاب میں حکومت کو دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے، آپ 17 سال میں اپنے 17 عوامی فلاح کے منصوبوں نہیں گنوا سکتے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کر دیے جبکہ 50 مکمل بھی ہو چکے ہیں، وزیر اعلیٰ نے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ میں 90 ہزار گھر دیے 80 ہزار اسکالرشپ دیں، ساڑھے 9 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر تقسیم کیے اور 27 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس تقسیم کیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ذہین طالب علموں کو جدید مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم بھی جاری ہے، ہزار بیڈ کا کینسر اسپتال، مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بسیں اور کارڈیالوجی اسپتال بن رہے ہیں، میں آپ کے ساتھ مناظرے کیلیے بالکل تیار ہوں آ جائیں پرفارمس کا مقابلہ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی تو ہم کہہ رہے ہیں کہ سندھ میں ایسی ترقی ہو رہی ہے جو نظر نہیں آ رہی آ جائیں وہ قوم کو دکھائیں، 17 سال کی حکومت والوں کو پنجاب سے موازنے کا شوق ہے تو مناظرہ کر لیں، کراچی کے لوگ خود لاہور کی سڑکوں اور صفائی کی تعریفیں کرتے ہیں جس کی آپ کو پریشانی ہے۔


