فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیصل آباد پولیس نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔ تھانہ بٹالہ کالونی پولیس نے ایک ننھے معصوم کو بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرکے والدین سے ملا دیا، جس پر اہلِ علاقہ نے بھی پولیس کے جذبہ خدمت کو بھرپور سراہا۔
تفصیلات کے مطابق شہری احتشام نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر اطلاع دی کہ اس کا معصوم بھتیجا صبح آٹھ بجے سے لاپتا ہے، جس پر پولیس نے فوراً حرکت میں آکر بچے کی تلاش شروع کر دی۔ ایس ایچ او ملک عمران کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور محنت کی اور صرف ایک گھنٹے کے اندر بچے کو تلاش کرکے بحفاظت ورثاء کے حوالے کر دیا۔
معصوم بچے کی بازیابی پر اہل خانہ نے پولیس کے بروقت اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیصل آباد پولیس نے اپنی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے نبھایا ہے۔ شہری احتشام نے پولیس کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی تیز ترین کارروائی نے ہمیں ذہنی اذیت سے بچایا اور ہمارا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فیصل آباد پولیس بالخصوص تھانہ بٹالہ کالونی کی یہ کارروائی ایک مثالی اقدام ہے جو اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر وقت ہمہ تن تیار ہے۔ سی پی او فیصل آباد نے بھی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوام کا اعتماد مزید بڑھاتے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ فیصل آباد پولیس کی جانب سے بچوں کی بازیابی ہو یا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، ان کی بروقت کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ شہریوں نے اُمید ظاہر کی کہ پولیس آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔


