103

قائم مقام انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس محمد علی بابا خیل کا دورہ کوہاٹ

کوہاٹ(ایچ آراین ڈبلیو)قائم مقام انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا محمد علی بابا خیل نے کوہاٹ کا دورہ کیا۔ پولیس لائن آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آئی جی پی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ شہداء میموریل ہال گئےاور تاثراتی رجسٹر میں اپنے خیالات قلمبند کیے۔ پولیس لائن میں یادگاری پودا بھی لگایا۔

قائم مقام آئی جی پی محمد علی بابا خیل نے ٹریفک مینجمنٹ اسکول کا دورہ کیا، ٹرینیز سے ملاقات کی اور ادارے میں موجود سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے تھانہ جرما کا بھی دورہ کیا اور تھانے کی سیکیورٹی و جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

کمشنر آفس کوہاٹ میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں قائم مقام آئی جی پی محمد علی بابا خیل، کمشنر کوہاٹ معتصم بلا، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کوہاٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوہاٹ ریجن کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

بعدازاں پولیس کلب میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قائم مقام آئی جی پی نے پولیس افسران سے ملاقات کی۔ اجلاس میں ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ نے ضلع کوہاٹ میں امن و امان اور جرائم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

قائم مقام آئی جی پی محمد علی بابا خیل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مربوط پولیسنگ ہی علاقائی امن و امان کی ضمانت ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

آئی جی پی محمد علی بابا خیل نے آئل اینڈ گیس تنصیبات کا دورہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

کوہاٹ کے دورے کے دوران کمشنر کوہاٹ معتصم بلا نے قائم مقام آئی جی پی محمد علی بابا خیل کو روایتی پگڑی پہنائی اور انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں