61

پاکستان نے یورو بانڈز کی 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی بروقت مکمل کرلی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان نے اپنے بین الاقوامی مالیاتی وعدوں کے مطابق یورو بانڈز کی 50 کروڑ ڈالر کی قسط بروقت ادا کر کے ایک اہم معاشی میعاد پوری کر دی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق، یہ ادائیگی 30 ستمبر کو شیڈول کے مطابق کی گئی، جو 2015 میں جاری کیے گئے یورو بانڈز سے متعلق تھی۔ اس اقدام سے پاکستان کی جانب سے اپنے مالیاتی نظم و ضبط کا واضح ثبوت ملا ہے۔

ادائیگی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساورن ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔

— وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق —

مالی سال 2024-25 میں جی ڈی پی کے مقابلے میں قرضوں کا تناسب 70% رہا، جو 2019-20 میں 77% تھا۔

بیرونی قرضوں کا حصہ کل قرضوں میں 38% سے گھٹ کر 30% پر آ گیا ہے۔

یہ اقدام سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان کو یورو بانڈز کے تحت کل 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں، جن میں سے یہ پہلی بڑی قسط شامل تھی۔

اس بروقت ادائیگی کو معیشت کے حوالے سے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں