53

بھارتی اداکار پرکاش راج نےغزہ کی جنگ پرمودی حکومت کی خاموشی پر اٹھائے سوال

نیودہلی (ایچ آراین ڈبلیو)بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پرکاش راج نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران معصوم شہریوں کے ہلاک ہونے پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دے دیا۔

ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے اس منجھے ہوئے اداکار نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ایک اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے کہا، “جب دنیا میں کہیں بھی انسانیت لہولہان ہو رہی ہو تو ایسے وقت میں خاموشی بھی جرم بن جاتی ہے۔” انہوں نے وزیراعظم مودی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ “مودی جی دنیا کو وِشو گرو بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن جب بے گناہ بچے، عورتیں اور بوڑھے غزہ میں قتل ہو رہے ہیں تو ان کی زبان کیوں بند ہے؟”

پرکاش راج نے تقریب کے دوران فلسطینی مزاحمت کی علامت بن چکے روایتی فلسطینی رومال (کوفیہ) کو اپنے کندھے پر سجایا، جو ان کے موقف کی واضح عکاسی کر رہا تھا۔ ان کا یہ اقدام بھارت میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے بڑھتے ہوئے اظہار کی ایک اور کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے جب پرکاش راج نے بین الاقوامی مسائل پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، تاہم غزہ کے بحران پر ان کی یہ واضح پوزیشن بھارتی حکومت کی خارجہ پالیسی پر سوال کھڑے کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں