کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر محمد اکبر علی خان کی زیرِ قیادت سرسید ٹاور میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں اموبا ممبران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔فرخ احمد نظامی بطورِ خاص صدر اموبا کی دعوت پر سرسید ٹاور تشریف لائے۔شرکاء میں جعفر نذیر عثمانی، ارم اکبر علی خان، عادل عثمان، محسن خان،محسن کاظم، کاشف شیخ،نوشابہ صدیقی، فہد خانزادہ، معید خان، اسامہ احمد، فاروق زمان، رقیہ، نیلوفر و دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک یادگار لمحہ ہے کہ مجھے اس عظیم ادارے کی قیادت کا موقع ملا۔ہم اس ادارے کی تاریخ اور اس کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں اورہمارا مقصد نہ صرف اس کی ساکھ کو بحال رکھنا ہے بلکہ اس کی ترقی کے لئے نئے افکار کو بھی اپنانا ہے۔
اکبر علی خان نے کہا کہ ہمیں اپنے نظامِ تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانا ہوگا۔ نصاب میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ طلباء کی تعلیم و تربیت جدید تقاضوں کے مطابق ہو سکے۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے تدریس کے طریقوں کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ تحقیق پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہی ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے۔ ہر سطح پر تحقیق کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیاجائے گا۔آئیں، ہم سب مل کر اس ادارے کی عظمت کو بحال کریں اور اسے نئی بلندیوں پر لے جائیں۔
ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری،جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے آپ سب کی توقعات پر پورا اترنا ہی میرا ہدف ہے۔ہم نے جو دعوے کئے ہیں ان پر عملدرآمدکرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وقت آگیاہے کہ ہم نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر مثبت تبدیلی کو یقینی بنائیں۔
محترمہ ارم اکبر علی خان نے کہا کہ ہماری کامیابی ٹیم ورک اور محنت کو نتیجہ ہے۔ہماری کامیابیوں کا دارومدار ہمارے باہمی تعاون پر ہے۔یہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے۔تاہم ہمیں نئی صورتحال کے تناظرمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا۔۔ہمیں واضح منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔میں آج بھی وہ لمحہ نہیں بھولی جب میرے شوہر اکبر علی خان کی ممبر شپ کو ختم کرکے ہمیں یہاں سے نکالا گیا تھا۔۔لیکن ہم کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔۔ ہمارے تمام فیصلے کارکردگی اور قابلیت کی بنیاد پر ہوں گے۔۔
اموبا کے سابق صدرعاد ل عثمان نے کہا کہ اداروں کو اچھی طرح چلایا جائے گا اور ذاکر صاحب کے مشن کو لے کر آگے بڑھیں گے۔جدیدٹیکنالوجیز کے ذریعے کارکردگی کو زیادہ فعال و موثر بنایا جائے گاتاکہ عالمی معیار اور ترقی کی رفتار سے ہم آہنگ ہوسکیں۔ ہماری مشترکہ سوچ اورکاوشیں ہمیں ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گی اور ہم نئے سنگ میل طے کریں گے۔
ممتاز شاعر طارق سبزواری نے کہا کہ علیگڑھ کی تہذیب و روایات کو پس پشت ڈال کر خودغرضی کے ایک نئے کلچر کو روشناس کروایا گیا۔اداروں کی بدحالی کا قصہ چند دنوں کا نہیں، بلکہ برسوں کا ہے۔۔گزشتہ دس سال کی ابتری کو ختم کرنے میں وقت لگے گا۔۔
اجلاس میں موجود ممبران نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی آراء پیش کیں۔ان کا کہنا تھا کہ اداروں کی ترقی و فروغ کے لئے مختصر اور طویل مدتی حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی۔ایسی ٹیکنالوجیز متعارف کروانی ہوگی جس کی جاب مارکیٹ میں اہمیت ہو۔برسوں بعد ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔انڈسٹری اور اکیڈمیا روابط کو مضبوط بنایا جانا بہت ضروری ہے تاکہ انٹرپرینورشپ کو فروغ دیا جاسکے۔بعض ممبران نے اس بات کا بھی گلہ کیا کہ انھیں تو پہلے پتہ ہی نہیں تھا کہ وہ اموبا کے ممبر ہیں۔


