اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) سپریم کورٹ آف پاکستان نے بدنامِ زمانہ چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 3 ملزمان کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے 6، 6 بار سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھ دیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ چھوٹو گینگ جیسے سنگین جرائم کا ذاتی دشمنی کے مقدمات سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ 2016 میں راجن پور میں گینگ نے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، اہلکاروں پر حملے کیے جبکہ کئی اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ پراسیکیوشن کے مطابق مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے پاک فوج کو بھی طلب کرنا پڑا تھا۔
سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے برقرار رکھتے ہوئے مرکزی ملزمان کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔


