بیجنگ(ایچ آراین ڈبلیو)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دو سال سے جاری جنگ نے “بے مثال انسانی المیے” کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی کارروائیوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ اقدامات دو ریاستی حل اور مشرق وسطیٰ کے استحکام دونوں کے لیے خطرہ ہیں۔
وانگ یی نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو تنازع کے حل کے لیے تین فوری اقدامات کرنے چاہئیں:
غزہ میں جامع جنگ بندی کا فوری نفاذ
فلسطینیوں کو ان کے علاقے پر مکمل حکمرانی کا حق
دو ریاستی حل کو مضبوطی سے برقرار رکھنا
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطین کی اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی حمایت کرے، جو دو ریاستی حل کے عمل کو تقویت دے گا۔ چین اس سلسلے میں بین الاقوامی کوششوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


