اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی شروع ہوگئی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھر کیلئے سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی سستی کر دی۔
نیپرا نوٹی فکیشن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 1روپے 90 پیسے سستی کر دی گئی۔نیپرا کے مطابق جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی کیلئے فی یونٹ بجلی مزید 3 روپے 2 پیسے سستی اور کراچی کے سوا ڈسکوز صارفین کیلئے فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 46 پیسے سستی کر دی گئی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ اپریل، مئی اور جون کے بجلی بلوں میں ہر ماہ صارفین کو ایک روپے 90 پیسے کا یہ ریلیف منتقل کیا جائے گا، مجموعی طور پر اس سے بجلی صارفین کو 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔نیپرا کے مطابق یہ ریلیف صارفین کو اپریل کے بجلی بلوں میں منتقل کیا جائے گا۔


