9

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک مشن کے وفد کی ملاقات

**کراچی (ایچ آراین ڈبلیو):** وزیر بلدیات سندھ **ناصر حسین شاہ** سے ورلڈ بینک مشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں مختلف ترقیاتی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات **وسیم شمشاد**, پروجیکٹ ڈائریکٹر کلیک، ڈائریکٹر یو آئی پی ٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ صوبے میں **غیر منقولہ جائیداد (پراپرٹی ٹیکس)** کی وصولی کے لیے جلد ایک جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک مشن نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے وفد کو حکومت سندھ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیر بلدیات کے مطابق حکومت بلدیاتی قوانین میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ترامیم پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوسی لیول تک منتخب نمائندوں کو مضبوط کرنا اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ بلدیاتی قوانین میں تبدیلی کے بعد ٹاؤن چیئرمین اور ڈپٹی میئرز کو بھی اختیارات حاصل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جو ٹاؤن پراپرٹی ٹیکس وصولی میں بہتر کارکردگی دکھائے گا اسے ترقیاتی فنڈ میں اضافی رقم دی جائے گی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کا جدید نظام پہلے ہی کراچی میں کام کر رہا ہے، اور ورلڈ بینک کے تعاون سے اس کا دائرہ کار پورے سندھ میں بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں