45

مشہور و معروف مارٹ کی 33 لاکھ سے زائد ڈکیتی کا کیس حل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گذشتہ روز بلال کالونی کی حدود میں مشہور مارٹ کا کیش بینک لے جاتے ہوئے 33 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا کیس حل کرلیا گیا۔ سینٹرل پولیس نے واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 14 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ڈکیتی میں مارٹ کا سیکیورٹی افسر اور اس کا ایک ساتھی بھی ملوث ہے۔

29 جولائی کو مشہور مارٹ کا کیشیئر اپنے دو دیگر ساتھی ملازمین کے ہمراہ 33 لاکھ روپے سے زائد رقم بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا، جب کہ سناٹا پٹی، سیکٹر 5M میں دو مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر کیش چھین لیا اور فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ضلع سینٹرل جناب ذیشان شفیق صدیقی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی نیو کراچی ڈویژن، ایس ڈی پی او نیو کراچی، ایس ایچ او نیو کراچی اور ایس ایچ او بلال کالونی پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

ٹیم نے ٹیکنیکل اور انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مارٹ کے ایک ملازم اور اس کے دوست سمیت واردات میں ملوث ایک ڈاکو کو گرفتار کرکے 14 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔

واردات میں ملوث دوسرا ڈاکو تاحال مفرور ہے، جس کی گرفتاری اور بقیہ رقم کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔دورانِ گرفتاری ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا جسکا مقدمہ آرمز ایکٹ کے تحت تھانہ نیو کراچی میں درج کیا گیا

ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ مارٹ کا ملازم کاشف واردات میں سہولت کار کے طور پر شامل تھا اور مسلسل ڈاکوؤں کو “ٹِپ” دیتا رہا۔ کاشف نے یہ سہولت کاری اپنے دوست کاشان کے ذریعے انجام دی، جو کہ مرکزی ڈاکوؤں سے رابطے میں تھا۔

واردات آصف چیمبر اور فیضان نامی ملزمان نے کی، جنہوں نے کیش چھیننے کے بعد رقم آپس میں بانٹ لی اور ایک دوسرے سے رابطہ منقطع کرلیا۔ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ نمبر 273/2025، بجرم دفعات 392/397/34 تعزیراتِ پاکستان، مشہور مارٹ کے سیکیورٹی انچارج عمیرالحسن کی مدعیت میں تھانہ بلال کالونی میں درج ہے۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں