کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پولیس قومی رضاکار (PQR) کا باب بند , سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنے کا حکم ، آئی جی سندھ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری پولیس قومی رضاکار (PQR) پروگرام کی سرگرمیاں اب ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے 27 جولائی 2025 کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر میں PQR سے متعلق تمام تعیناتی، آپریشنز اور انتظامی سرگرمیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تاہم آج جاری ہونے والے سرکاری حکم نامے نے تمام شکوک و شبہات ختم کر دیے ہیں۔ نوٹیفکیشن نمبر 37/68-77/AIGP/OPS-I/IGPD کے مطابق PQR کا پورا نظام فوری طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے، اور کسی بھی فرد کو اس فریم ورک کے تحت سرگرم رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص اب بھی PQR سے منسلک پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ فیلڈ کمانڈرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کر کے جاری کردہ تمام NOC منسوخ کروائیں۔
ذرائع کے مطابق، PQR سے منسلک بعض افراد غیر قانونی چیکنگ، شہریوں کو ہراساں کرنے، اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث پائے گئے، جس کی وجہ سے عوامی شکایات میں اضافہ ہوا اور پولیس محکمے کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔آئی جی سندھ نے واضح کیا ہے کہ غیر مجاز سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی اور اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔


