کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے، حق پر قائم رہنے اور صبر و استقامت کا درس دیتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کے ایم سی کےزیرِاہتمام منعقدہ یوم حسینؓ کی تقریب سےبطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، منعقدہ تقریب میں مولانا امین شہیدی،سلیم عباس،سید عدنان حیدررضوی،مولاناعباس رضوی،مولانا آغا ضیغم، مولانا اکبر درس، سید ابو طالب زیدی، اسکالرز ڈاکٹر جواد ہاشمی، منظر الحق تھانوی،رضاعباس رضوی،سلیم مائیکل ایڈوکیٹ کے علاوہ کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، اسلم سموں، منتخب نمائندے اور کے ایم سی کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، یوم حسینؓ کی اس پروقار تقریب کا اہتمام یوم حسینؓ آرگنائزنگ کمیٹی کے ایم سی نےکیا تھا،اس موقع پرمعروف مذہبی اسکالرمولانا امین شہیدی،اکبر درس اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ کی سیرت،ان کی عظیم قربانی اورکربلا کےپیغام پر تفصیلی روشنی ڈالی، تقریب کے اختتام پر مولانا امین شہیدی نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کو لوح ِقرآنی کا طغرا پیش کیا جسے انہوں نے بڑی عقیدت و احترام سے قبول کیا۔ ڈپٹی میئر کراچی نے اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ کو اس کامیاب اور روح پرور تقریب کے انعقاد پر سراہا اور کہا کہ یوم حسینؓ جیسے اجتماعات معاشرے میں رواداری، اتحاد اور انسانیت کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں،یاد رہے کہ یوم حسینؓ آرگنائزنگ کمیٹی کے ایم سی ہر سال یوم حسینؓ کی مناسبت سے اس تقریب کا اہتمام کرتی ہے تاکہ نوجوان نسل کو امام حسینؓ کی قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے اور ان کے پیغام کو عام کیا جاسکے۔
40


