42

سی ویو پر ڈرفٹنگ کے دوران گاڑی بے قابو، دو پولیس اہلکار شدید زخمی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)شہرقائد کےساحلی علاقے سی ویو پر تیز رفتار گاڑی کے بے قابو ہونے سے خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک نوجوان ڈرائیور ڈرفٹنگ کرتے ہوئے ساحل سمندر پر موجود تھا۔ خطرناک انداز میں گاڑی چلانے کے دوران ڈرائیور نے قابو کھو دیا، جس کے باعث گاڑی الٹ گئی اور گشت پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار دی۔

حادثے میں ہیڈ کانسٹیبل معشقق علی اور کانسٹیبل ناصر شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج کے مطابق، مفرور ڈرائیور کی شناخت کر لی گئی ہے اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سی ویو پر نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ روز کا معمول بن چکی ہے، جس سے شہریوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ڈرائیونگ کے ایسے خطرناک مظاہروں کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی، اور آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لیے سی ویو پر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں