کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ادارہ امراض قلب کراچی میں بے ضابطگیوں اور غیر قانونی تقرریوں میں ملوث افراد کے خلاف تفتیش کا آغازکردیا گیا ہے-اینٹی کرپشن نے مبینہ کرپشن میں ملوث چھ افراد کو آج اپنے دفتر میں طلب کرلیا-جن افراد کو طلب کیا ہے ان میں مصطفیٰ حسن ایڈمنسٹریٹر ، اور خورشید حیدر مینیجر کارپوریٹ افئیرز شامل ہیں-
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ساؤتھ زون نے داور حسین ہیڈ آف ہیومن ریسورس ، فیصل عبدالستار چیف فنانشل آفیسر اور محمد فیصل ہیڈ آف انٹرنل آڈٹ کو بھی طلب کیا ہے۔ادارہ امراض قلب کراچی میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن ، مالی ادائیگیوں کی بے ضابطگی اور غیر قانونی تقرریوں میں ملوث افراد کی اینٹی کرپشن میں طلبی سے افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ساؤتھ زون نے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر طاہر صغیر کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ مذکورہ افسران کی 23 جولائی کو اینٹی کرپشن کے دفتر میں حاضری کو یقینی بنائیں۔


