کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مقامی عدالت نے آج سائٹ اے تھانے کی حدود میں پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث رینجرز اہلکار محمد نعمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے پولیس کو فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ عدالت کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے محمد نعمان کو احاطۂ عدالت سے گرفتار کر لیا۔یاد رہے کہ 11 جولائی 2025 کو حبیب بینک چورنگی کے قریب رینجرز اہلکار اور پولیس کانسٹیبل وسیم اختر کے درمیان مبینہ طور پر جھگڑا ہوا تھا، جو فائرنگ پر منتج ہوا۔
اس افسوسناک واقعےمیں کانسٹیبل وسیم اخترموقع پرہی جاں بحق ہوگئےتھےجبکہ رینجرزاہلکار زخمی حالت میں زیرِعلاج رہے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم کیس کی گہرائی سے چھان بین جاری ہے۔ مقتول کے والد، سب انسپکٹر نذیر حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر آج عدالت نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ضمانت منسوخ کر دی۔کراچی پولیس اس مقدمے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور قانون کے مطابق تمام شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ انصاف کے تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔


