نور شاہ میں مبینہ پولیس کارروائی پر شہریوں کے الزامات، بغیر وارنٹ گرفتاری اور تشدد کا دعویٰ

نور شاہ(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ نور شاہ کی حدود کے علاقے 65/4R گاؤں میں ایک شہری کے گھر پر مبینہ پولیس کارروائی کے دوران غیر قانونی چھاپے اور تشدد کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔متاثرہ خاندان کے مطابق اے ایس آئی محمد عامر اسحاق نے بغیر وارنٹ اور بغیر لیڈی کانسٹیبل گھر میں داخل ہو کر مبینہ طور پر چاردیواری کا تقدس پامال کیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور عابد نامی دکاندار کو گرفتار کیا۔

خاندان کے مطابق گرفتاری کے دوران مبینہ طور پر اہلکاروں نے عابد کی اہلیہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر کی خواتین کو ہراساں کیا۔ متاثرین نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کارروائی کے دوران گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان بھی لے جایا گیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نہ کوئی ایف آئی آر دکھائی گئی اور نہ ہی گرفتاری کا کوئی وارنٹ پیش کیا گیا۔ مزید الزام میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے عابد کے بھائی کے گھر میں بھی داخل ہو کر وہاں سے نقدی رقم اٹھائی، جو دودھ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔واقعے پر اہل علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں