راس الخیمہ(ایچ آراین ڈبلیو) متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ کے پہاڑی سلسلے میں ہیٹ اسٹروک کا شکار غیر ملکی سیاح خاتون کی جان بچانے والے پاکستانی گائیڈ فیصل شلمانی کی بہادری اور انسانیت نوازی کے چرچے متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر میں ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہائیکر ایک گروپ کے ساتھ راس الخیمہ کے ہائکنگ ٹریک پر موجود تھے کہ اچانک اطلاع ملی ایک فلپائنی خاتون شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو کر بے ہوش ہو گئی ہے۔ دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو ممکن نہ تھا۔
ایسے میں پاکستانی گائیڈ فیصل شلمانی نے فوری طور پر خاتون کو اپنے کندھوں پر اٹھایا اور تقریباً تین گھنٹے میں خطرناک اور پتھریلے پہاڑی راستے سے بحفاظت نیچے منتقل کیا، جہاں طبی امداد فراہم کی گئی اور خاتون کی جان بچ گئی۔اس جرات مندانہ اقدام پر سوشل میڈیا صارفین اور مختلف حلقوں کی جانب سے پاکستانی گائیڈ کی بہادری، حوصلے اور انسان دوستی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔


