کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائدنے ایک زخمی انسان کی بروقت مدد کر کے اس کی جان بچانے والی باہمت اور ذمہ دار شہری رجا ظفر کی جرات، سمجھداری اور احساسِ ذمہ داری کو سراہتے ہوئے اسے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی کارکن رجا اور پاسبان ہیلپ لائن کے ڈائریکٹرمحمود تاجک نے جس طرح انسانی ہمدردی، فوری فیصلے اور جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گذشتہ روز ایک زخمی انسان کی جان بچائی، وہ قابلِ فخرہے۔پاسبان ایسے مثبت اور انسان دوست کرداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور رجا کی حوصلہ افزائی کے لیے اسے خصوصی انعام اور اعزاز سے نوازے گی، تاکہ معاشرے میں دوسروں کو بھی ایسے جذبے کی ترغیب ملے۔دریں اثناء عبدالحاکم قائد نے حادثات کا شکار زخمی افراد کے علاج میں کاغذی کارروائیوں اور ضابطوں کی پیچیدگیوں کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اسپتالوں میں کاغذی کارروائی، پولیس رپورٹس، ایف آئی آر اور دیگر رسمی مراحل میں قیمتی وقت ضائع ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے کئی افراد بروقت علاج نہ ملنے کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ حکومت تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو پابند کرے کہ وہ حادثے کے شکار افراد کو فوری طبی امداد فراہم کریں اور کاغذی کارروائی بعد میں مکمل کی جائے-
41


