41

چیئرمین میونسپل کارپوریشن منگھوپیرکی زیرِصدارت ٹیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی کی زیرِ صدارت ٹیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی سطح پر ٹیکس نظام کو مزید شفاف، مربوط اور عوام دوست بنانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا عارف،ٹیکس کمیٹی کے چیئرمین علی حسن بروہی، ڈائریکٹر ٹیکس اکبر بھومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر ثریا رحمانی، انسپکٹر ٹیکس سمیت محکمہ ٹیکس کے دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ٹیکس وصولی کے عمل میں بہتری، نادہندگان سے وصولیوں کے لیے مؤثر حکمتِ عملی، اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم کے آغاز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ تمام شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس نظام کو فعال، شفاف اور منظم بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بلدیاتی ادارے کی ترقی، مالی استحکام اور بہتر خدمات کی فراہمی براہِ راست ٹیکس کے شفاف نظام سے جڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ٹیکس وصولی کے تمام مراحل میں شفافیت، سہولت، دیانت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ٹاؤن کی مالی خودمختاری مستحکم ہو۔

ڈائریکٹر ٹیکس اکبر بھومرو نے اجلاس کو موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو ٹیکس کی اہمیت، اس کی ادائیگی کے فوائد اور بلدیاتی ترقی میں اس کے کردار سے آگاہ کرنے کے لیے مقامی سطح پر سیمینارز، بینرز، ہینڈ بلز اور سوشل میڈیا مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین منگھو پیر ٹاؤن رانا عارف اور چیئرمین ٹیکس کمیٹی علی حسن بروہی نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹیکس کے نظام کو دیانتداری، شفافیت اور مؤثریت کی بنیاد پر استوار کرنے کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل رہیں گے، تاکہ منگھوپیر ٹاؤن کو ایک مثالی بلدیاتی ادارے میں تبدیل کیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کمیٹی کا متحرک کردار ادارے کی مالی بہتری، شفاف حکمرانی اور عوامی بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں