کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی قیادت میں ٹاؤن انتظامیہ نے ایک اور مثالی اقدام کرتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن کے 15ریٹائرڈ افسران و ملازمین میں لیو انکیشمنٹ اورمتوفی ملازمین کے لواحقین کو مالی امداد (Financial Assistance) کی مد میں 87 لاکھ 72 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہم ہر ماہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کے واجبات بروقت ادا کر رہے ہیں۔ ماضی میں ریٹائرڈ ملازمین کو سالوں انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن ہم کو جب اختیارات ملے اور ٹاؤن کے انتظامات سنبھالنے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکمے کو ہدایات دیں اور ان ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز کر دیا۔ ہماری اولین کوشش ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ ملازمین کے فلاح و بہبود اور ریٹائرڈ ہونے کے بعد ان کے واجبات کی بروقت ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام اور ملازمین کی خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے، ہم اسے ایمانداری اور دیانت داری سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک بڑی گرانٹ فراہم کی جائے تاکہ ان ملازمین کے بھی واجبات ادا کیے جا سکیں جنہیں گزشتہ کئی برسوں سے ادائیگیاں نہیں ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی سہولت کے لیے ٹاؤن انتظامیہ نے ایک باقاعدہ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے، جو اب تک ڈیڑھ سو سے زائد ملازمین کی پنشن فائلیں کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (KMC) کے حوالے کر چکا ہے تاکہ ان ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن فوری طور پر شروع کرائی جا سکے۔اس موقع پر مونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین محمد یوسف کے فلاحی اقدامات کو سراہا اور اس پالیسی کو بلدیاتی نظام میں ایک مثبت مثال قرار دیا۔
42


