کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےانٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت اکنامکس اورخصوصی امیدواروں(آرٹس ریگولر)گروپس کےسالانہ امتحانات برائے2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ ارم فیصل بنت فیصل احمد رول نمبر 2045نے ٹوٹل 1200نمبرزمیں سے1054نمبرزاے ون گریڈ کےساتھ پہلی پوزیشن،ایمان ہاشمی بنت شجاعت علی رول نمبر2044 نے 988 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ شانزہ نایاب بنت محمد عامر رول نمبر 2135 نے 980نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی امیدواروں کے امتحانات میں دیوا ہائیر سیکنڈری اسکول کی طالبہ سیدہ فاریہ بنت سید احسن رشید رول نمبر 995539 نے ٹوٹل 1100میں سے 960 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، دیواہائیر سیکنڈری اسکول کی ہی طالبہ بریرا اسلام بنت شوکت اسلام رانا رول نمبر 995533نے 925نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ IDA-RIEU اسکول اینڈ کالج فار دی ڈیف کی طالبہ ایمان الشمس بنت شمس الحق رول نمبر 995502 نے 920نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں 198طالبات نے رجسٹریشن حاصل کی، 189 طالبات امتحانات میں شریک ہوئیں جس میں سے 112طالبات کامیاب ہوئیں اس طرح کامیابی کا تناسب 59.26فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 9طالبات اے ون گریڈ، 24اے گریڈ، 30 بی گریڈ، 31سی گریڈاور 18ڈی گریڈ میں کامیاب قرار پائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولرگروپ) کے امتحانات میں 116امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 114امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 103امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 90.35فیصد رہا۔ان امتحانات میں 19 امیدوار اے ون گریڈ، 55اے گریڈ، 27 بی گریڈاور 2امیدوار سی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔
46


