کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن سات ہزار روڈ اور برساتی نالے خستہ حالی کا شکار۔ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 5-G میں واقع سات ہزار روڈ اور اس سے متصل برساتی نالے کی انتہائی خستہ حالی کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف متعلقہ افسران کےہمراہ متاثرہ مقام پرپہنچےاورشہریوں سےدرپیش مسائل دریافت کیے۔اس موقع پرXEN بی اینڈ آر اشتیاق حُسین،افسران فیصل صغیر،ساجد صدیقی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے سات ہزار روڈ اور برساتی نالے پر پُلیا کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ سات ہزار روڈ کی حالت اس قدر ابتر ہوچکی ہے کہ اس پر گاڑیوں کی آمد و رفت ناممکن ہو گئی ہے۔ جگہ جگہ گہرے گھڑے، ٹوٹ پھوٹ اوربارش کےپانی کےباعث یہ سڑک ندی نالےکامنظرپیش کررہی ہے۔ ہم نےاس حوالےسےمئیر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب کو درجنوں بار تحریری وزبانی طورپر آگاہ کر چکے ہیں کہ اس سڑک کی تعمیر انتہائی ناگزیر ہو چکی ہے۔لیکن تاحال اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور سات ہزار روڈ پر سفر کرنا محال ہوگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی تعمیر کی ذمہ داری قانوناً مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ان کے محکمے پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے برساتی نالوں کی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالے کی حفاظتی دیواریں جگہ جگہ سے گر چکی ہیں اور کئی مقامات پر صرف ملبہ باقی رہ گیا ہے، جس کی وجہ سے بارشوں میں نالے کا پانی سڑک پر بہہ کر شہریوں اور ٹریفک کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کر دیتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان نالوں کی حفاظتی دیواروں کی مرمت، نئی تعمیر اور کراسنگ پُلیا کی بحالی کی قانونی و آئینی ذمہ داری بھی مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ان کے محکمہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پر عائد ہوتی ہے۔ افسوس کہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود برساتی نالوں کی حفاظتی دیواروں اور پُلیاکی مرمت کا کوئی کام نہیں کیا گیا، جس کے باعث علاقے کے عوام کو سخت مُشکلات اورتکالیف کا سامنا کررہے ہیں۔چیئرمین محمد یوسف نے مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مطالبہ کیا کہ ان جگہوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سات ہزار روڈ کی از سر نو تعمیر، برساتی نالوں کی دیواروں کی مرمت اور پولیا کی بحالی کا کام شروع کرایا جائے تاکہ ممکنہ بارشوں میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اورعوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔
47


