کراچی( ایچ آراین ڈبلیو)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کا حملہ مسلم امہ پر حملہ اور بدترین جارحیت ہے۔اسرائیل عالمی قوانین کی پامالی کررہا ہے۔ امریکہ کس اخلاقی جواز کی بنیاد پر اسرائیل کی حمایت کررہا ہے؟ اسرائیلی جارحیت قبول کرلی گئی تو کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک پر حملے کا حق استعمال کر لے گا۔ سارے پاکستانی،ایران اور فلسطین کی پشت پر کھڑے ہیں۔ امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہے۔ فلسطین اور ایران کے مسلمانوں کی تکلیف سے سارا عالم اسلام تکلیف میں ہے۔ فلسطین میں امداد پہنچانے کے لئے عالمی برادری اپنا اثر و رسوخ ادا کرے۔ جن مسلم مملک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہوا ہے وہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے یکجہتی کا ثبوت دیں۔ اسرائیل ایران کو اسلامی ملک ہونے کی سزا دینا چاہتا ہے۔ او آئی سی کو ختم کرکے پاکستان نئی تنظیم سازی میں قائدانہ کردار ادا کرے۔ دنیا واضح طور پر بائی پولر ہو چکی ہے۔ ایک جانب ظلم کرنے والے ہیں اور دوستی جانب ظلم سہنے والے ہیں۔ اسرائیل کو نہ روکا گیا تو پوری مسلم امہ تباہی و بربادی کا شکار ہو جائے گی۔ نیتن یاہو پر جنون سوار ہے، اس کے جنگی جنون کو روکنے میں روس اور چین اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس سے پہلے کہ جنگ عظیم شروع ہو جائے امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی سے دست کش ہو جائے۔ اسرائیل مشرق وسطی کا ناسور ہے جسے مغرب نے جنم دیا تھا۔ اگر مغرب کا ضمیر ژندہ ہے تو وہ اسرائیل کی حمایت سے باز آ جائیں۔ مغرب میں کیسی جمہوریت ہے کہ ان کی قیادت اپنے عوام کی امن کی خواہش کو نظر انداز کر رہی ہے؟ مغرب اپنے دہرے کردار سے دست کش ہو جائے۔ مغرب نے مشرق وسطی میں فوجی تعیناتی اور اسلحے کی ترسیل میں اضافہ کرکے اپنے عزائم ظاہر کر دئیے ہیں۔ مسلمانوں کو یہ بات سمجھنا ہو گی۔ مسلمان اپنی صفوں میں موجود غداروں کو پہچانیں اور ان سے نجات حاصل کریں۔ ٹیکنالوجی کے حصول کے بغیر برتری ممکن نہیں ہے۔ مسلمان ایمان باللہ اور عمل صالح پر توجہ دیں اور دنیا کی تاریخ اور جغرافیہ بدلنے کی تیاریاں کریں۔ علماء مسلم عوام کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیں #
48


