سمبڑیال(ایچ آراین ڈبلیو)ماڈل تھانہ سمبڑیال پولیس کی کامیاب کارروائی: اغواء ہونے والی 6 سالہ طیبہ ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب، ملزمان گرفتار- سمبڑیال پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور بروقت کارروائی کے ذریعے گزشتہ روز تھانہ سمبڑیال کے علاقے کوٹ دڑا سے اغوا ہونے والی 6 سالہ کمسن بچی طیبہ کو ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔ جبکہ اغوا کار ملزمان میاں بیوی — اجمل اور رانی — کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز گاؤں کوٹ دڑا کے رہائشی محنت کش غلام قادر نے تھانہ سمبڑیال میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کی بیٹی طیبہ کو محلہ میں کرایہ پر رہائش پذیر جوڑا اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، فیصل شہزاد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سمبڑیال کو ہدایات جاری کیں کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بچی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر ارشاد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیکنیکل ٹریسنگ کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا اور بالآخر بچی کو ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزمان نے بچی کے والد سے چند یوم قبل ہونیوالے معمولی لڑائی جھگڑے کی رنجش کی بنیاد پر طیبہ کو اغوا کیا اور اُسے کراچی لے جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر اہل علاقہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی فوری، جرأت مندانہ اور کامیاب کارروائی پر انہیں شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی


