39

تھانہ کلری کی حدود میں گٹکا ماوا کی دوبارہ فروخت، گرفتار ملزم پھر سرگرم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ کلری کی حدود میں گٹکا و ماوا فروشوں کی سرگرمیاں دوبارہ سر اٹھانے لگیں۔ اگرا تاج یاسین مسجد کے سامنے واقع عادل پان شاپ پر عادل نامی شخص ایک بار پھر کھلے عام زہریلا گٹکا اور ماوا فروخت کر رہا ہے، جس سے مقامی شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ چند ہفتے قبل ایس ایچ او کلری سلیم مروت نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسی ماوا فروش عادل کو گٹکا اور ماوا سمیت گرفتار کر کے جیل روانہ کیا تھا۔ اُس وقت علاقہ مکینوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا تھا اور اُمید کی جا رہی تھی کہ اس دھندے کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

تاہم افسوسناک بات یہ ہے کہ عادل جیل سے رہا ہونے کے فوراً بعد ایک بار پھر اسی جگہ اور بڑے پیمانے پر اپنا مکروہ کاروبار شروع کر چکا ہے۔ گٹکا اور ماوا کی فروخت سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر ہے، مگر دوبارہ شروع ہونے والی یہ سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت سے اب تک باہر ہیں۔

علاقہ مکینوں نے اعلیٰ پولیس حکام اور محکمہ انسداد منشیات سے مطالبہ کیا ہے کہ عادل جیسے عادی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور مستقل بنیادوں پر کارروائی کی جائے، تاکہ قانون کی عملداری بحال ہو اور معاشرہ اس زہر سے محفوظ رہ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں