عیدالاضحیٰ پرگرینڈ صفائی آپریشن مکمل،11 ہزار857 میٹرک ٹن آلائشیں تلف

سیالکوٹ (ایچ آراین ڈبلیو)ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ اورسیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (SWMC) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گرینڈ صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عید کے تین دنوں کے دوران ضلع بھر سے مجموعی طور پر 11 ہزار 857 میٹرک ٹن آلائشیں اُٹھائی گئیں، جنہیں ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 7 مختلف ڈمپنگ سائیٹس پر محفوظ طریقے سے تلف کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جون کی شدید گرمی کے باوجود صفائی عملے نے غیر معمولی جانفشانی اور جذبے سے کام کیا۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 25 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے، تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

گرینڈ کلین اپ آپریشن میں 4052 صفائی ورکرز اور 1191 گاڑیاں و مشینری نے حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق عوامی شکایات پر فوری ردعمل دیا گیا اور ستھرا پنجاب پلیٹ فارم پر موصولہ 1495 شکایات جبکہ اسپیشل برانچ کی 294 شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے صفائی ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس فرض شناسی اور محنت کا مظاہرہ کیا، وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صفائی عملے کے لیے فی کس 10 ہزار روپے انعام کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے حوصلہ افزائی کا بہترین قدم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عید پر ستھرا پنجاب پروگرام ایک امتحان تھا جس میں کامیابی حاصل ہوئی، اور آئندہ بھی صفائی و سہولیات کے معیار کو برقرار رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں