**لاہور:** لاہور ہائیکورٹ نے خلع، حق مہر، جہیز اور گھر کی ملکیت سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے بیوی کی درخواست جزوی طور پر منظور کرلی۔ عدالت نے 11 تولے سونا یا اس کی قیمت شوہر کو واپس کرنے کا حکم ختم کردیا۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے ڈاکٹر رخسانہ کوثر اور شاہد نذیر کے درمیان تنازع کا فیصلہ سنایا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق خلع کی صورت میں شوہر صرف وہی حق مہر واپس لینے کا حقدار ہے جو اس نے خود ادا کیا ہو۔ محض نکاح نامے میں حق مہر درج ہونے سے شوہر سونا واپس لینے کا حقدار نہیں بن جاتا، جب تک اس کی جانب سے حق مہر کی ادائیگی ثابت نہ ہو۔
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ 11 تولے سونا خریدنے کے لیے رقم بیوی کے والد نے فراہم کی تھی، جبکہ شوہر اپنی جانب سے سونا خریدنے کے لیے رقم ادا کرنے کا قابلِ اعتماد ثبوت پیش نہیں کرسکا۔
عدالت کے مطابق خلع کی صورت میں حق مہر کی واپسی کا اصول اسی وقت لاگو ہوگا جب یہ ثابت ہو کہ حق مہر شوہر نے ادا کیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ بیوی کے والد نے گھر کی خریداری کے لیے رقم فراہم کی، جسے بینک ریکارڈ اور گواہوں کی شہادت سے ثابت کیا گیا۔ شوہر گھر اپنی مالی استطاعت سے خریدنے کے دعوے کے حق میں قابلِ اعتماد دستاویزات پیش نہ کرسکا۔
عدالت نے قرار دیا کہ بیوی کے نام گھر کی خریداری کے لیے والد کی جانب سے رقم فراہم کیے جانے کے شواہد موجود ہیں، جبکہ گھر کی ملکیت سے متعلق شوہر کے اعتراضات قابلِ قبول نہیں۔
فیصلے کے مطابق نابالغ بچے کا نان نفقہ والد کی قانونی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ والد اپنی آمدن کم ظاہر کرکے بچے کے نان نفقہ کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔
عدالت نے 22 تولے زیورات کی واپسی کے دعوے کو مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا، جبکہ زچگی کے اخراجات کی واپسی کا دعویٰ بھی ثابت نہ ہونے پر مسترد کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے کے دیگر حصے برقرار رکھتے ہوئے شوہر کی دیگر درخواستیں مسترد کردیں۔
**انسانی حقوق اور عوامی مفاد:**
عدالت کا یہ فیصلہ خاندانی تنازعات، حق مہر، خواتین کی ملکیت اور بچوں کے نان نفقہ سے متعلق قانونی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ایسے معاملات میں شواہد، مالی ریکارڈ اور قانونی ملکیت کی دستاویزات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
**HRNW Support Appeal:**
انسانی حقوق اور عوامی مفاد کے لیے ہماری کوششوں میں تعاون کے لیے:
[https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)
**Disclaimer:**
یہ خبر دستیاب عدالتی فیصلے اور فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔ قانونی معاملات میں حتمی رائے کے لیے متعلقہ عدالتی حکم اور مستند قانونی ذرائع سے رجوع کیا جائے۔


