5

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی آئندہ انتخابات کے بعد بھی وزیراعلیٰ ہوں گے، بلوچستان ترقی اور پائیدار امن کی جانب گامزن ہے۔علی مدد جتک

کوئٹہ۔(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر میر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نہ صرف اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے بلکہ آئندہ انتخابات کے بعد بھی وزیراعلیٰ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں تبدیلیاں پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی جا سکتی ہیں، تاہم موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جتک ہاؤس، آصف آباد کوئٹہ میں حلقے کے عوام اور نصیرآباد کے سینئر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میر یوسف بنگلزئی، ٹکری عبدالحمید بنگلزئی، میر گل جتک، ٹکری کریم جتک وکامریڈ عمر جتک سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔میر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور جدید انفراسٹرکچر کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان امن و استحکام کے حوالے سے ملک کا مثالی صوبہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے آن لائن ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرا رہے ہیں تاکہ بھرتیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور تمام امیدواروں کو مساوی مواقع میسر آئیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی اور صوبائی کابینہ مکمل طور پر بااختیار ہیں اور ان کے تمام فیصلے صوبے کے عوام کی فلاح، ترقی اور خوشحالی کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں ترقیاتی فنڈز فراہم کر کے پسماندگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا اور ملک کے جدید اور ترقی یافتہ صوبوں میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں