میرپور، آزاد کشمیر (ایچ آراین ڈبلیو) آزاد کشمیر انتخابات کے پہلا مرحلے کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے،
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026ء کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت 5 بجے ختم ہونا تھا تاہم اس میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا۔
میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہا، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
آزاد کشمیر کے حلقہ نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔


