سیالکوٹ (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے معیاری تعلیم کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹلی بہرام اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹلی بہرام کا دورہ کیا اور دونوں تعلیمی اداروں میں دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز، واش رومز، کمپیوٹر لیب، سائنس لیب اور طلبہ کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعلیمی ماحول، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے ہدایت کی کہ سکولوں کی چھتوں کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر سکولوں کی چھتوں پہ صفائی ہو چکی ہے تو دوبارہ سے ان کا معائنہ کیا جائے اور ایک بار پھر صفائی کی جائے کیونکہ چھٹیوں کے دوران اگر صفائی نظر انداز رہی تو اس سے سکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کے لئے نصب فلٹر پلانٹس پر فلٹر کی تبدیلی کی تاریخ واضح طور پر درج ہونی چاہئے تاکہ پانی کے معیار کی مسلسل نگرانی ممکن ہو۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سکولوں میں وائٹ واش اور عمارتوں کی عمومی حالت کو بہتر رکھا جائے تاکہ طلبہ کو صاف، محفوظ اور خوشگوار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
دورے کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اصغر علی، دونوں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ بھی موجود تھے۔
12


